سری نگر،28جنوری(یو این آئی) شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں ایک تعزیتی مجلس کے دوران دو منزلہ رہائشی مکان کی چھت منہدم ہونے سے کم از کم دس افراد زخمی ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ آج چندرگیر گاؤں میں اُس وقت پیش آیا جب گھر کے مالک غلام محمد ڈار کی وفات پر تعزیت کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔
عینی شاہدین اور سرکاری ذرائع کے مطابق گھر کے اندر لوگوں کا جمِ غفیر موجود تھا جس کی وجہ سے عمارت پر یکایک اضافی بوجھ پڑا جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے فوراً بعد وہاں افرا تفری مچ گئی اور کئی لوگ ملبے کے نیچے دب گئے جنہیں مقامی افراد، پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرکے باہر نکالا۔
واقعے کے فوراً بعد سب ڈویژنل مجسٹریٹ مرتضیٰ احمد شیخ حاجن اسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی اور ہدایت دی کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
ایس ڈی ایم نے زخمیوں کے تیمارداروں سے بھی گفتگو کی اور انہیں مکمل انتظامی تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اس معاملے پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔
مقامی لوگ انتظامیہ سے اپیل کر رہے ہیں کہ ایسے گھروں کا ازسرِ نو معائنہ کیا جائے جو شدید سردی اور برف باری کے سبب کمزور ہو چکے ہیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔
0
