جموں: (5 اپریل) مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں سنیچر کی دیر شام ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں آسمانی بجلی گرنے سے تقریباً 60 بھیڑ بکریاں ہلاک ہو گئیں۔ یہ واقعہ بنی علاقے کے اسسو گاؤں میں پیش آیا اور واقعے کے وقت متاثرہ خاندان پہاڑی علاقوں کی جانب موسمی نقل مکانی کر رہا تھا۔
مقامی افراد کے مطابق یہ خانہ بدوش خاندان سفر کے دوران خراب موسم، برفباری اور مسلسل بارش کے باعث اسسو کے مقام پر عارضی طور پر ٹھہرا ہوا تھا۔ اسی دوران اچانک آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کی زد میں آ کر بڑی تعداد میں ان کی بھیڑ بکریاں ہلاک ہو گئیں۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں خاندان کے تمام افراد محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، تاہم مال مویشیوں کی ہلاکت سے خاندان کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اس خاندان کی آمدنی ان کا زیادہ تر انحصار انہی مویشیوں پر تھا۔
متاثرہ خاندان نے حکومت اور ضلع انتظامیہ سے فوری مالی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی تاکہ وہ اس نقصان کا ازالہ کر سکیں۔ مقامی لوگوں نے بھی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کی جائے۔
