سری نگر،06دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کو باقاعدہ طور پر خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ مشکل حالات، سفر میں رکاوٹوں اور عمر میں رعایت سے متعلق مسلسل بے یقینی کے پیش نظر ’جے کے اے ایس‘امتحان کو مناسب مدت کے لیے مؤخر کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے مکتوب میں اس غیر معمولی صورتحال کا حوالہ دیا ہے جو گزشتہ دو روز سے جاری شدید ایئرلائن خلل کے باعث پیدا ہوئی ہے، جس نے متعدد امیدواروں کے سفری انتظامات درہم برہم کر دیے ہیں۔ کئی امیدوار پروازوں کی منسوخی، طویل تاخیر اور ری شیڈولنگ کے باعث اپنے امتحانی مراکز تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ عمر میں رعایت سے متعلق تجویز جو ماضی میں کئی بار فراہم کی گئی کی حتمی منظوری میں تاخیر نے امیدواروں کی پریشانی میں مزید اضافہ کیا ہے۔ امتحان میں محض چند روز باقی رہنے کے باوجود امیدوار اپنی اہلیت سے متعلق تذبذب کا شکار ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے خط میں تحریر کیا:’ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے، اور انصاف، مساوات اور یکساں مواقع کے اصولوں کے پیش نظر، میں کمیشن سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ موجودہ صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے کر امتحان مؤخر کرنے پر غور کرے۔‘
0
