0

سری نگر کے لال چوک میں سیکورٹی فورسز کی اچانک تلاشی مہم، راہ گیروں کے شناختی کارڈ چیک

سری نگر،13فروری(یو این آئی)وادی کے قلب لال چوک اور اس کے گردونواح میں جمعرات کو سیکورٹی فورسز نے اچانک تلاشی مہم چھیڑ شروع کی، جس کے باعث پورے علاقے میں ایک غیر معمولی صورتحال دیکھی گئی۔ مارکیٹ علاقوں، اہم راستوں اور بس اسٹینڈ کے نزدیک فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ راہگیروں اور دکانداروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کیے گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق فورسز اہلکاروں نے ریذیڈنسی روڈ، امیر کدل کراسنگ اور ملحقہ لینوں میں ناکے قائم کیے، جہاں ہر گزرنے والے کی تلاشی اور مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی شہر میں کسی ممکنہ تخریبی منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے حساس مقامات پر اچانک ناکہ بندی اور سرچ آپریشن معمول کا حصہ ہے۔
تاہم، تلاشی مہم کے دوران کوئی مشکوک شئے برآمد نہیں ہوئی، فورسز نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تعاون جاری رکھیں تاکہ امن و قانون کی فضا برقرار رہ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں