اننت ناگ ؛ 07 مئی 2026/عقاب نیوز ڈیسک//منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی نیٹ ورک کے خلاف اپنی مسلسل کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے، ضلع اننت ناگ پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات کے تحت ایک سرشناس منشیات فروش کی تقریباً ₹2.5 کروڑ مالیت کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے۔ ضبط کی گئی جائیداد میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان، 20 دکانوں پر مشتمل ایک شاپنگ کمپلیکس اور ایک کنال چھ مرلہ اراضی شامل ہے۔
یہ جائیداد جاوید احمد راتھر ولد محمد عبداللہ راتھر ساکن واگھامہ کی ملکیت ہے، جو پولیس اسٹیشن بیج بہاڑہ کے مقدمہ ایف آئی آر نمبر 237/2021 بموجب دفعہ 8/15 این ڈی پی ایس ایکٹ میں ملوث ہے۔ تمام قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد یہ ضبطی نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینسز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت عمل میں لائی گئی ہے اور ضبط شدہ جائیداد کی اندازاً مارکیٹ ویلیو تقریباً ₹2.5 کروڑ بتائی جاتی ہے۔
اننت ناگ پولیس نے معاشرے سے منشیات کی لعنت کے خاتمے اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے حاصل کی گئی جائیدادوں کی ضبطی منشیات فروشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے لیے ایک سخت تنبیہ ہے۔
